حکومت کیخلاف لانگ مارچ ملتوی۔۔؟ مولانا فضل الرحمٰن اور آصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدرمولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کو27 فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری کو مشورہ دیا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم جماعتوں کے ساتھ لانگ مارچ کرے، الگ لانگ مارچ کرنے سے اپوزیشن میں تقسیم کا تاثر جائے گا۔

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر گئے، مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف زرداری کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور حکومت مخالف تحریک عدم اعتماد پر بات چیت کی۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق اب تک کی پیشرفت سے بھی ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کو27 فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشوردیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم جماعتوں کے ساتھ لانگ مارچ کرنا چاہیے، کیونکہ الگ لانگ مارچ کرنے سے اپوزیشن میں تقسیم کا تاثر جائے گا۔

ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پہلے پنجاب یا وفاق میں لانے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، تاہم دونوں رہنماؤں نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے ہارس ٹریڈنگ نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں سابق صدرآصف زرداری اور صدر ن لیگ شہبازشریف کے درمیان بھی آج اہم ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ دونوں جماعتوں کی قیادت ملاقات میں حکومت مخالف لائحہ عمل کو حتمی شکل دے گی۔ دوسری جانب اعلامیہ جماعت اسلامی میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری 24 فروری کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کرینگے، آصف زرداری سراج الحق سےتحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگیں گے، دونوں رہنماؤں میں 24 فروری کو تین بجے منصورہ میں ملاقات ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close