متحدہ عرب امارات جانیوالے پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر آگئی

اسلام آباد (یپی این آئی) پاکستان سے یو اے ای جانے والے مسافروں کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کردی گئی ، دبئی اور شارجہ جانے والے پاکستانیوں کیلئے ہوائی اڈوں پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی‘ مسافروں کو ہوائی اڈوں پرصرف 48 گھنٹے قبل کا منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے دبئی اور شارجہ پہنچنے والے پاکستانیوں کیلئے کورونا ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کی گئی ہے ، جس کے تحت پاکستان سے دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کے لئے ہوائی اڈوں پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے ، اب پاکستانی مسافروں کو ہوائی اڈوں پرصرف 48 گھنٹے قبل کا منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا جب کہ 48 گھنٹے کا یہ وقت لیبارٹری کو دئیے گئے سیمپل کے وقت سے شروع ہوگا ۔بتایا گیا ہے کہ دبئی پہنچنے پر مسافروں کا پی سی آرٹیسٹ ہوگا اور مسافر ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک سیلف قرنطینہ میں رہیں گے جب کہ دبئی ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کے لیے اب پی سی آر منفی ٹیسٹ دکھانا ضروری نہیں ہوگا تاہم دبئی ٹرانزٹ والے وہ مسافر جنہیں اپنی منزل پہنچنے پر پی سی آر منفی دکھانا ضروری ہو ان کیلئے منفی پی سی آر ٹیسٹ لازمی کی شرط کو برقرار رکھا گیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ٹریول ایجنٹوں اور ایئر لائنز کو بھیجے گئے ایک تازہ ترین سرکلر میں حکام نے پرواز کے چھ گھنٹے کے اندر چار ممالک کے روانگی ہوائی اڈوں پرریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی ضرورت کی وضاحت نہیں کی ہے تاہم 22 فروری سے ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مسافروں کو سفر کے 48 گھنٹوں کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ درکار ہوگا ، دبئی پہنچنے پر انہیں پی سی آر ٹیسٹ سے بھی گزرنا ہوگا ، مسافروں کو اپنے ٹیسٹ کے نتائج آنے تک خود کو قرنطینہ میں رکھنا ہوگا ۔بتایا گیا ہے کہ سرکلر میں ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی ضرورت کا ذکر نہیں ہے جب کہ فلائی دبئی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی معلومات ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے سفر کرنے والے مسافروں کو ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ لینے سے مستثنیٰ کرتی ہے تاہم ایمریٹس نے ابھی تک اپنی ویب سائٹ پر ضروریات کو اپ ڈیٹ نہیں کیا ہے لیکن پاکستانی کیریئرز نے سرکلر موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔

close