پی ٹی آئی اراکین بھی عمران خان کیخلاف عدم اعتما د میں ساتھ دینے کو تیار ۔۔۔ن لیگی رہنما نے بڑا دعویٰ کر دیا

لاہور ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان بھی عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں ووٹ دیں گے ، پی ٹی آئی کے بہت سے ایم این اے ہمارے ساتھ ہیں اور تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ سے عوام یہی پوچھتے ہیں کہ حکومت کب جائےگی؟ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی بھی ناقص حکومتی کارکردگی پر آئندہ انتخابات میں جانے کے لیے پریشان ہیں کیوں کہ آئے روز بجلی ، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاجاتا ہے اس لیے حکومت اپنا اور عوام کا بھلا چاہتی ہے تو استعفیٰ دے دے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کےکارکن بھی حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں، حکومت ہر میدان میں شکست کھا چکی ہے ، پی ٹی آئی اپنے ووٹرزکوکوئی وضاحت نہیں دی سکے گی لیکن عمران خان کی آج بھی دھرنے والی تقریر ہی ہوتی ہے ، آپ یہ سوچیں کہ عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، عوام کا سوال ہے کہ ہم کب اس حکومت کو گھربھیج رہےہیں؟۔

ادھروزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈری ہوئی اپوزیشن عدم اعتماد اس لیے لانا چاہتی کہ کیسز سے بچ جائے،شریف خاندان کو پیغام ہے کہ آپ کا جو بھی پلان ہے کپتان تیار بیٹھا ہے، 30سالوں کے بعد پاکستان کی اسمبلی ڈیز ل کے بغیر سولر پر چل رہی ہے، اس کو مشکل ہے کہ وہ بارہواں کھلاڑی ہے، وہ جانتا بھی ہے کہ پختونخواہ میں کیا ہوا تھا؟ جب تک زندہ ہوں ان چوروں کا مقابلہ کروں گا،فضل الرحمان، شہبازشریف اور مریم بی بی ڈرے ہوئے ہیں،آپ کو پھر شکست ہوگی اورجیلوں میں جاؤ گے۔انہوں نے منڈی بہاوٴالدین میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ چورڈاکو ، عمران خان نہیں کہتا بلکہ 20سال سے یہ ایک دوسرے کو ڈاکو کہہ رہے ہیں ، ایک طرف فضل الرحمان ان کو ڈرا رہا ہے کہ جلدی کرو اس کو گرا دو ورنہ 2023ء کا بھی الیکشن گیا، دوسری طرف ایک چھوٹا میاں ہے،

ایک بھگوڑا میاں ہے، چھوٹے میاں کو مسئلہ پڑ گیا ہے کہ دل بڑا کمزور ہے، اس کو پتا چل گیا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں375 کروڑ کیسے آگیا؟مقصود چپڑاسی 15ہزار ماہانہ تنخواہ پر رمضان شوگر مل میں ملازم تھا ، ایف آئی اے کو اس کے اکاؤنٹ کا پتا چلا کہ اس کے اکاؤنٹ میں پیسے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے میاں نے اپنے ن لیگی دور میں اپنے بیٹے سلمان شہباز کو باہر بھیج دیا، پھر مقصود چپڑاسی کو بھجوا دیا، اور اسحاق ڈار منشی کو کون بھولے گا؟ شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیراعظم اسحاق ڈار کو اپنے جہاز پر باہر بھجوایا، اگر چوری نہیں کی تو پھر ڈر کس چیز کا ہے؟ان کو عمران خان سے ڈر ہے،عمران خان کی کوئی قیمت نہیں، اس لیے جنرل مشرف کی طرح این آراو نہیں دوں گا، کیسز پرانے ہیں این آراو مجھ سے مانگ رہے، حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں مشرف سے این آر او لیا، قوم کے سامنے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک میں زندہ ہوں ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا جب تک یہ قوم کا پیسا واپس نہیں کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close