کراچی (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید کا مڈل کلاس ہونا مسئلہ نہیں بلکہ مڈل مین ہونا اصل مسئلہ ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ مراد سعید کی جانب سے ہمارے نام لے کر جو الزامات لگائے گئے ہیں ہم ان کا جواب دینے یہاں آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی محسن بیگ کی گرفتاری دراصل پیٹرول کی
قیمتوں میں 12 روپے کے تاریخی اضافے سے عوام کو میڈیا کے ذریعے بے خبر رکھنے کی کوشش کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اب اسمبلی میں عمران خان کی ایما پر توہین مراد سعید یا تحفظ مراد سعید بل لایا جاسکتا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ مراد سعید کی کارکردگی ایک سے دو لوگوں تک محدود ہے اس کو چیک کرنے کا حق پارلیمنٹ کے تمام ارکان کو ہونا چاہیے جبکہ مراد سعید کی ہمت، جرات اور برداشت پر انہیں صرف سرٹیفیکٹ نہیں بلکہ نشان پاکستان دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں اور مہنگائی میں اضافے پر کوئی بات کرے تو اس کے خلاف کیسز دائر کردیے جاتے ہیں اور اگر یہ حکومت ہے تو پھر کوئی بھی چلا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مراد سعید کردار کی بات کررہے تھے جبکہ کسی کی کردار کشی کے لئے اس کا اپنا کردار کا ہونا ضروری ہوتا ہے، اس اسمبلی کے وجود میں آنے کے ڈیڑھ سال تک حکومتی ایوان بالخصوص اس وزیر موصوف و دیگر وزرا کی جانب سے ہماری پارٹی کی قیادت اور دیگر پارٹی کی قیادتوں پر الزامات اور انہیں القابات سے نوازا گیا لیکن چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہمیں سخت ہدایت تھی کہ اس ایوان کا تقدس پامال نہ ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں