سماء ٹی وی کے پروڈیوسر فائرنگ سے جاں بحق، مقتول معروف ٹی وی اینکر کے بھائی تھے، ملزمان فرار ہو گئے

کراچی (پی این آئی) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک کار پر فائرنگ کے واقعہ میں سماء ٹی وی کے پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے، حملہ آور اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر سڑک کے دوسری جانب ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ کراچی پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا، پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کار نمبر اے ایچ ٹی 180 پر سوار اطہر متین کو روکنے کی کوشش کی۔

کار سوار نے گاڑی روکنے کی بجائے ملزمان کی موٹر سائیکل کو کار سے ٹکر مار دی جس سے وہ گر گئے تاہم ان میں سے ایک ملزم نے پستول سے کار پر تین گولیاں فائر کیں، گولیاں لگنے سے کار سوار اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ملزمان سڑک عبور کر کے دوسری طرف سے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔

اطہر متین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاش بعد ازاں ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے نے ہسپتال منتقل کی۔ اطہر متین ٹی وی سماء ٹی وی سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے، اطہر متین معروف نیوز اور پروگرام اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close