اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات طے پاگئی ہے، ملاقات میں حکومت مخالف تحریک عدم اعتماد بارے حکمت عملی بنائی جائے گی، سابق صدر کی طبیعت بہتر ہوتے ہی جلد ملاقات ہوگی۔ سابق صدر آصف زرداری اور جےیوآئی(ف) کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری کی خیریت دریافت کی، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان مل بیٹھنے پر اتفاق ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدرآصف زرداری کی طبیعت بہتر ہوتے ہی جلد ملاقات ہوگی،ملاقات میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بات چیت ہوگی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کیخلاف حکمت عملی طے کر لی ہے۔
حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف حکمت عملی کے طور پر اتحادی جماعتوں کو خوش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اتحادی جماعتوں کے ارکان کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا جائے گا اور اتحادی جماعتوں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔اتحادی جماعتوں کے گلے شکوے اور تحفظات کو فوری طور پر دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قریبی رفقاء سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔اس کے برعکس حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیوایم پاکستان نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم مہنگائی کے بوجھ کو زیادہ دیربرداشت نہیں کرسکتی،ترجمان ایم کیوایم کے مطابق کب تک یہ بوجھ عوام پر مسلط کیا جاتا رہے گا۔
ایم کیوایم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیں، وزیراعظم تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کریں۔اسی طرح میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر طارق بشیر چیمہ کی زیرصدارت مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے امن وامان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا۔مسلم لیگ ق کے تمام ارکان اسمبلی نے چودھری پرویزالٰہی کو فیصلوں کا اختیار دے دیا۔ اس موقع پر اجلاس میں مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ارکان اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات کا سنبھلنا مشکل ہوجائے گا، حکومت غریب آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں