عدم اعتماد کی خبریں،سیاسی بادل چھٹنے والے ہیں اور ۔۔۔چوہدری پرویز الٰہی نے سیاسی پیشنگوئی کر دی

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی بادل جلد چھٹ جائیں گے اور موسم صاف ہو جائےگا، سیاسی ماحول میں روز بروز نئی صورتحال بن رہی ہے، عوام کے مفاد اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے ن لیگ خیبرپختونخوا کے سینئرنائب صدر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال پر صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ن لیگی رہنما انتخاب خان چمکنی نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کے مفاد کو ترجیح دی ہے، اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے۔عوامی بنیادی مسائل کے حل میں کردار ادا کرنا اولین ترجیح ہے، عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، جب بھی موقع ملا عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا۔چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ سیاسی ماحول میں روز بروز نئی صورتحال بن رہی ہے، جلد سیاسی بادل چھٹ جائیں گے اور موسم صاف ہو جائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر طارق بشیر چیمہ کی زیرصدارت مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے امن وامان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا۔ مسلم لیگ ق کے تمام ارکان اسمبلی نے چودھری پرویزالٰہی کو فیصلوں کا اختیار دے دیا۔ اس موقع پر اجلاس میں مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ارکان اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات کا سنبھلنا مشکل ہوجائے گا، حکومت غریب آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔اسی طرح حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیوایم پاکستان نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم مہنگائی کے بوجھ کو زیادہ دیربرداشت نہیں کرسکتی،ترجمان ایم کیوایم کے مطابق کب تک یہ بوجھ عوام پر مسلط کیا جاتا رہے گا۔ ایم کیوایم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیں، وزیراعظم تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close