لاہور (پی این آئی) میرے سینے میں بہت راز ہیں وزیراعظم کی مشکلات نہیں بڑھانا چاہتی، میڈل اور ٹرافیاں تو میچ ختم ہونے پر ملتی ہیں، میچ کے دوران نہیں، طویل خاموشی کے بعد فردوس عاشق اعوان دوبارہ منظر عام پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما اور سینئر سیاستدان فردوس عاشق اعوان طویل خاموشی کے بعد اب دوبارہ منظر عام پر آئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خطرہ باہر سے نہیں اندر سے ہے، مرکز اور پنجاب میں سازشیں کرنے والا گینگ ایک ہی تھا، کچھ لوگوں نے پارٹی مفادات کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھادیا۔ کوشش کی کہ بدترین صورتحال میں بھی بہترین پرفارم کروں لیکن شاید لیڈرشپ کو اس سے بہتر کی تلاش تھی، میرے سینے میں بہت راز ہیں وزیراعظم کی مشکلات نہیں بڑھانا چاہتی۔فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کے اردگرد موجود ٹولے کو ناتجربہ کار اور مفاد پرست کہہ دیا۔ انہوں نے وزراء میں پرفارمنس ایوارڈز کی تقسیم کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈل اور ٹرافیاں تو میچ ختم ہونے پر ملتی ہیں، میچ کے دوران نہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء نے پی ڈی ایم کی جانب سے عدم اعتماد تحریک سے متعلق کہا کہ اپوزیشن کی پھرتیاں میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوششں ہیں۔ دیگر جماعتوں کے رابطے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ دکان میں سودا پڑا ہو تو کوئی نہ کوئی خریدار تو آتا ہی ہے، پاکستان تحریک انصاف کو خطرہ باہر سے نہیں اندر سے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں