پیپلزپارٹی کو بڑی حمایت مل گئی، ایک اور سیاسی جماعت نے حکومت کیخلاف لانگ مارچ میں شامل ہونے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، اے این پی رہنماء میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف میدان میں نکلنا جہاد ہے، مہنگائی نے عوام کو خود کشی پر مجبور کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء خورشید شاہ کی سربراہی میں وفد نے ہشاور میں اے این پی رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کے حکومت مخالف لانگ مارچ اور عدم اعتماد سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اے این پی نے پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں شمولیت کا رضا مندی ظاہر کردی ہے،اے این پی رہنماء میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا قافلہ اسلام آباد پہنچتے ہی اے این پی بھی روانہ ہوگی، مارچ کے حوالے سے ہماری یہ تیسری ملاقات ہے، ہم اس مارچ میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے، اس حکومت کے خلاف میدان میں نکلنا جہاد ہے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ اس حکومت اور مہنگائی نے عوام کو خود کشی پر مجبور کردیا۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء خورشید شاہ نے کہا کہ پشاور آنے کا مقصد لانگ مارچ سے متعلق معاملات طے کرنا ہے، ہمیں مجبوراً سڑکوں پر نکلنا پڑرہا ہے، ہم ملکی صورتحال کیلئے بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔ وزیراعظم کی کابینہ میں نااہل موجود ہیں، حقیقت یہ ہےکہ سب سے بڑا نالائق وزیراعظم خود ہیں، وزیراعظم نے کنٹینرپرکھڑے ہوکر بہت دعوے کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو ہم کراچی سے نکلیں گے اور 10 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان نے خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف بیمار ہو کرگئے صحت یاب ہوکر لوٹیں گے، نوازشریف جاتے ہوئے پوچھ کر گئے نہ واپس آتے ہم سے مشورہ کرینگے، آصف زرداری ہسپتال میں ہیں ان سے جلد ملاقات ہوگی۔انہوں ے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مکمل حکومتی مشینری اور طاقت کا استعمال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایک ایک دن قوم پر بھاری ہے، حکومتی حلیف جماعتوں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔تحریک عدم اعتماد کی تاریخ کا اعلان مشاورت سے کریں گے، تحریک عدم اعتماد کی تاریخ طے ہوئی تو شاید لانگ مارچ نہ کرنا پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں