میری وزارت کو گیارہواں نمبر کیوں دیا گیا؟ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پھٹ پڑے

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کارپر سوالات اٹھا دیے۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب کو خط لکھ کر وزارت خارجہ کو 11 واں نمبر دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کیے اور دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔شاہ محمود نے خط میں کہا کہ وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیرالتواء نہ رہے، اس دوران وزارت خارجہ نےاعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں، وزارت خارجہ کے کاموں پر کسی تشویش کا کوئی اظہار نہیں کیا گیا۔خط کے متن کے مطابق 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈ لائنز نہیں دی گئیں، وزارت خارجہ کی یہ گریڈنگ ریویوکمیٹی کےطریقہ کارپرسوالات اٹھاتی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی پر وفاقی وزرا میں تعریفی اسناد تقسیم کی تھیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں بہترین کارکردگی پر ورزرا، مشیر اور معاون خصوصی کو تعریفی اسناد دی گئیں جن میں کارکردگی کی بنیاد پر مراد سعید کی وزارت مواصلات کا پہلا نمبر رہا اور انہیں پہلا ایوارڈ د یا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close