اپوزیشن کی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد، اپوزیشن کو کتنے ووٹ کم ملیں گے؟ شیخ رشید نے پہلے ہی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں 12سے13 لوگ کم نکلیں گے، اپوزیشن کو لانگ مارچ اور عدم اعتماد کیلئے لوگ نہیں ملیں گے،عمران خان50 دنوں بعد مزید مضبوط ہوکرنکلیں گے۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کرنے کو کچھ نہیں، ن لیگ کا ایک ہی کیس ہے کہ مریم نواز کو آزادی مل جائے گی، نوازشریف کو واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں،ابھی تک حل نہیں نکلا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان جتنے مسائل حل کرسکتے ہیں کررہے ہیں، چودھری شجاعت کو جانتا ہوں وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیوایم پاکستان ملاقاتیں کرتی رہتی ہے ان کی خیر ہے، اسلام آباد میں ایم کیوایم کا دفتر ہے تو صبح کھول دوں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے، عمران خان50 دنوں بعد مزید مضبوط ہو کرنکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو لانگ مارچ اور عدم اعتماد کیلئے لوگ نہیں ملیں گے، تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو ان کے لوگ کم نکلیں گے، تحریک عدم اعتماد میں 12سے 13 لوگ کم نکلیں گے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے، آپ سمجھیں حکومت جانے کی تیاری میں ہے،اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری ہے، تحریک عدم اعتماد پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔

اسی طرح پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 مہینے بہت اہم ہیں، عمران خان کیلئے ایک کے بعد ایک بحران آئے گا، اسی سال عام انتخابات بھی ہوسکتے ہیں، دو ماہ بہت اہم ہیں، عمران خان ایسے فیصلے کروائیں گے جو مستقبل میں ان کیلئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں، میں خلائی مخلوق پر یقین نہیں رکھتا، لیکن معاملات سنگین نظر آرہے ہیں، اسی سال عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔مشیرزراعت سندھ منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلئے23 مارچ تک دن بہت اہم ہیں ، ہوسکتا ہے تحریکِ عدم اعتماد سے پہلے وزیراعظم اسمبلی تحلیل کردیں۔ منظور وسان نے پیشگوئی کی کہ اپوزیشن کے آپس کے اختلافات اپنی جگہ لیکن تحریک عدم اعتماد پر سب متفق ہیں اور حالات سے لگتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، لیکن مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اس تحریک سے پہلے ہی عمران خان اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں۔ اور آج ادھر ادھر گھومنے والے کل جیل میں بھی ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close