ریحام خان کا سیاست میں آنے کا اعلان، کس پارٹی میں شمولیت کریں گی؟ فیصلہ سنا دیا

فیصل آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے سیاست میں آنے کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریحام خان نے یہ اعلان فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ میں بالکل سیاست میں آنا چاہوں گی کوئی مجھے نہیں روک سکتا، مجھے صحافی جس پارٹی میں شمولیت کا مشورہ دیں گے میں اسی پارٹی میں چلی جاؤں گی۔

ریحام خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مظلوم اور مجبور کا ساتھ دیا ہے، تاہم سیاست میں آنے کیلئے میرا مقصد وزیر بننا نہیں ہے۔فیصل آباد کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ موٹر وےسے اترنے کے بعد سمندری فیصل آباد روڈ پر پہنچی تو ایسا لگا جیسے کسی جنگ زدہ علاقے میں آگئی ہوں، فیصل آباد کے رہنے والوں سے پوچھا کہ یہ کوئی وزیرستان نہیں جو یہاں ایسی سڑکیں ہوں، جب تک عوام سوال کرنا نہیں سیکھیں گے سڑکوں کی حالت یہی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد سے منتخب ہونے والا منسٹر بچہ آپ کا نوکر ہے، حکومت نے غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلادیا ہے، میں یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہو، میرا فیصل آباد آنے کا مقصد یہ ہے قوم جاگ جائے، ہمیں منظم انداز میں اپنا حق لینا ہوگا۔

ریحام خان نے کہا کہ ہماری زندگیاں اسی زمین سے جڑی ہوئی ہیں، سڑکیں روزگار پیدا کرتی ہیں، تاہم تحریک انصاف کی حکومت صرف تختیاں لگانے میں اچھی ہے، مجھ میں ایک پنجابی روح پنہاں ہے، پنجابی امریکہ جاکر انگریزی بولنا شروع کردیتا ہے جبکہ پٹھان جہاں جاتا ہے پشتو بولتا ہے، مجھ سے جب پنجابی میں سوالات ہوتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔

close