اسحاق ڈار کی مشکلات میں اضافہ، الیکشن کمیشن نے بڑا جھٹکا لگ گیا

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن 21 فروری کو اسحاق ڈار کے لئے نااہلی کی درخواست پر سماعت کرے گا جب کہ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن اسحاق ڈار کے خلاف درخواست پر ابتدائی سماعت کرے گا۔

درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے اسحاق ڈار کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا اور اسحاق ڈار کو آرٹیکل 63 ٹو کے تحت نااہل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اکتوبر 2017ء سے لندن میں موجود ہیں۔ نیب نے پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا تھا جس میں مسلسل عدم حاضری پر احتساب عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا، تاہم بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر اُس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 8 مئی کو سابق وزیر خزانہ کی سینیٹ کی رکنیت عبوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔جس کے بعد جون 2018ء میں اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت سے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت سپریم کورٹ کے حکم پر معطل کی گئی ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی کے لئے ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی بھجوایا گیا تھا۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے 6 نومبر کو ریفرنس چیئرمین سینیٹ کو بھجوایا تھا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ میں عطاء الحق قاسمی کے کیس میں ابھی تک اسحاق ڈار نے رقم جمع نہیں کروائی اسی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود چیئرمین سینیٹ نے اس پر کارروائی نہیں کی۔ آئین کے آرٹیکل 63 کی رو سے اسحاق ڈار ڈیفالٹر ہیں، 30 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن نااہلی کی کارروائی شروع کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close