پیپلزپارٹی رہنما کی گاڑی پر حملہ، بڑا جانی نقصان ہوگیا، افسوسناک خبر

کوہاٹ (پی این آئی) کوہاٹ کے علاقے مرئی بالا میں اورکزئی سے پیپلز پارٹی کے سابق صدر ملک اقبال حسین کی چلتی کار پر مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں ان کی اہلیہ جاں بحق ہو گئیں جب کہ وہ خود شدید زخمی ہو گئے۔ملک اقبال اہلخانہ کے ہمراہ اسلام آباد سے واپس اورکزئی آ رہے تھے کہ مرئی کے پہاڑوں میں گھات لگائے مسلح ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔

ملزمان نے دیرینہ دشمنی پر گھات لگا کر فائرنگ کی۔واقعے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں درج کر لیا گیا جس میں مخالف فریق کے تین ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس نے واقعے کی تفتیش کا بھی آغاز کر دیا ہے۔دوسری جانب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کوہاٹ کے سابق صدر ملک اقبال کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔اپنے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے فائرنگ میں ملک اقبال کی اہلیہ کے جانبحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملک اقبال کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ایک سیاسی کارکن اور اس کے خاندان پر حملہ انتھائی تشویشناک صورتحال ہے،جن صوبوں میں پی ٹی آئی حکومت میں ہے، وہاں جمہوریت پسند سیاسی کارکن غیرمحفوظ ہو گئے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ حکومت ملک اقبال پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو بلاتاخیر قانون کی گرفت میں لائے۔انہوںنے کہاکہ ملک اقبال سمیت تمام جمہوریت پسند سیاسی کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کوہاٹ کے رہنما ملک اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک اقبال پر قاتلانہ حملے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لائے ۔ اپنے بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے حملے میں ملک اقبال کی اہلیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ملک اقبال پر قاتلانہ حملے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں