والدین کا انتقال ہوجانے پر نادرا نے قومی شناختی کارڈ بنانے سے انکار کردیا

کراچی(پی این آئی)نادرا قوانین یتیم طالب علم کے حصول علم میں رکاوٹ بن گئے۔ کراچی کا طالب علم احسن شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر نادرا کیخلاف سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا۔پاکستان میں پیدا ہونے کے باوجود کراچی کے احسن کیلئے قومی شناخت حاصل کرنا نادرا قوانين نے مشکل بنادیا ہے۔ 24 سالہ احسن جو یتیم ہوچکا ہے،نادرا نے والدین کو لائے بغیر اس کا شناختی کارڈ بنانے سے انکار کردیا ہے ، جس پر وہ اپنا آئینی حق لینے سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا ہے۔

طالب علم احسن کا کہنا ہے کہ والد کا انتقال ہوچکا ہے اور والدہ چھوڑ کر جاچکی ہے جس کی وجہ سے نادرا نے اس کا شناختی کارڈ بنانے سے انکار کیا۔احسن کے وکیل عثمان فاروق کا کہنا ہے کہ تمام دستاویزات پورے کرکے دینے کے باوجود شناختی کارڈ بناکر نہ دينا خلاف قانون ہے، نادرا کو والدین کا ڈیٹھ سرٹیفیکیٹ بھی دکھایا گیا، والد اور دادا کے شناختی کارڈ کے باوجود شناختی کارڈ نہیں بن رہا۔ عدالت سے درخواست ہے کہ مسئلے کو حل کرے۔احسن شناختی کارڈ نہ بننے کی وجہ سے یونیورسٹی میں داخلے کیلئے 4سال سے دھکے کھارہا ہے لیکن اسے امید ہے کہ عدالت اس کی تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹ دور کردے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں