وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے یا نہیں؟ پیشنگوئی کر دی گئی

 لاہور(پی این آئی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 2023سے پہلے اقتدار سے جانیوالے نہیں وہ آئینی مدت پوری کر یں گے۔ فارن فنڈنگ کیس کا معاملہ الیکشن کمیشن میں ہے جب کوئی فیصلہ آئے گا پھر ہی اس پر بات ہوگی ۔کوئی بھی نہیں چاہتا جہانگیر خان تر ین پارٹی چھوڑ کر کہیں جائیں مگر وہ اپنے سیاسی فیصلے خود کر رہے ہیں ان کے بارے میں مزید کچھ نہیں کہوں گا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کا انچارج میں نہیں ہوں تمام فیصلے پنجاب کے صدر شفقت محمود اور انکی ٹیم کی مشاورت سے پار لیمانی بورڈکر ے گا۔حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت ہائوسنگ کے شعبے میں سب زیادہ سر مایہ کاری ہو رہی ہے۔وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر لاہور میں تعمیر پاکستان ایکسپو کے افتتاح کر نے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سنا ہے نوازشریف پاکستان آرہے ہیں وہ جب مر ضی پاکستان آئیں یہ انکا فیصلہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک جہانگیر خان تر ین کا تعلق ہے وہ اپنی سیاست کے بارے میں خود فیصلے کررہے ہیں مگر کوئی بھی نہیں چاہتا کہ وہ پارٹی چھوڑ کر کہیں اور جائیں اس سے زیادہ میں اس بارے میں مزید کچھ نہیں کہوں گا۔
اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف وزیر اعظم عمرا ن خان کی قیادت میں متحد ہے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحر یک انصاف جب سے اقتدار میں آئی ہے اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کو گھر بجھوانے کی باتیں کر رہی ہے مگر ابتک اپوزیشن ان عزائم میں ناکام ہی رہی ہے اب بھی انشا ء اللہ وزیر اعظم عمران خان اور حکومت دونوں اپنی آئینی مدت پوری کر ینگے اور اس کے بعد ہم عوام کے پاس جائیں گے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جو بھی فیصلہ کر یں گے ہم اس کو قبول کر یں گے کیونکہ ہم عوام کے فیصلوں کا پہلے بھی احترام کرتے ہیں ا ور آئندہ بھی عوام کے ہر فیصلے کو تسلیم کر یں گے۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے متعلق سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ گور نر پنجاب کا عہدہ آئینی اور غیر سیاسی ہے سیاست میں حصہ نہیں لیا جاسکتا ۔ اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے چنائو یا دیگر معاملات کے حوالے سے وزیر اعظم اور پارٹی نے مجھے کوئی ذمہ داری نہیں دی جہاں تک مشاورت کا تعلق ہے پارٹی میں ہر معاملے پر ہم مشاورت کرتے ہیں اور آئندہ بھی کر یں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ پارٹی نے پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں صوبائی تنظیمیں بنا دی ہیں جو پارٹی کی مضبوطی سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے مشاورت سے فیصلے کر یں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ میں آئندہ عام انتخابات میں کہاں سے الیکشن لڑوں گا اس کا فیصلہ پارٹی مشاورت سے کیا جائے گا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان اور بیر ونی سر مایہ کاروں کو جتنی سہولتیں دیں ہیں انکی کوئی اور مثا ل نہیں ملتی۔اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں سب سے زیادہ سر مایہ کاری ہائوسنگ کے شعبے میں ہو رہی ہے اور میں ہائوسنگ کے شعبے میں سر مایہ کاری کر نیوالوں کے لئے چاہتاہوں کہ وہ ہر صورت رولز پر عمل کو یقینی بنائیں تاکہ آنیوالے دنوں میں ان کو مشکلات کا سامنا نہ کر نا پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں