سابق چیف جسٹس گلزار احمد نے ریٹائرمنٹ کے فوراََ بعد حکومت سے کیا مانگ لیا؟ خط لکھ ڈالا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد نے ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت سے فول پروف سیکیورٹی مانگ لی۔جسٹس (ر) گلزار کی جانب سے اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے اپنے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد فول پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کیا۔

جسٹس (ر) گلزار احمد نے اپنے خط میں لکھا کہ انہوں نے بطور جج دہشت گردی، ماورائے عدالت قتل، اقلیتوں کے حقوق اور تجاوزات سمیت کئی حساس مقدمات کے فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ ان کیلئے اور ان کے اہل خانہ کیلئے حاضر سروس چیف جسٹس والی سیکیورٹی برقرار رکھی جائے اور انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد گھر اور سفر کیلئے رینجرز فراہم کی جائے۔خیال رہے کہ جسٹس گلزار یکم فروری 2022 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں ۔ ان کی جگہ جسٹس عمر عطا بندیال نے بطور چیف جسٹس آف پاکستان حلف اٹھایا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close