پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی، جنوبی پنجاب کی سیاست کا بڑا نام تحریک انصاف میں شامل ہو گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں بڑی کامیابی مل گئی ہے، نواب بہاول عباسی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول عباسی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نواب بہاول عباسی نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر خسروبختیار نے ان کی شمولیت میں اہم کردار کیا اور جنوبی پنجاب کی سیاست کا اہم ستون توڑ لیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ نواب بہاول عباسی جنوبی پنجاب کی سیاست میں اہم مقام رکھتے ہیں، نواب بہاول عباسی بہاول پور سے ڈسٹرکٹ چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔خسرو بختیار اور بھی بڑے سیاستدانوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت کرائیں گے۔ نواب بہاول عباسی کی تحریک انصاف میں شمولیت کو جنوبی پنجاب میں بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب بیس جنوری کو مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی دو اہم سیاسی وکٹیں گرائی تھیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی سے جھنگ سے چار مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز مہر محمد نواز خان بھروانہ اور مہر علی نواز بھروانہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات بارے بات چیت کی گئی۔ دونوں نے رہنماؤں نے مسلم لیگ ق کی قیادت کی عوامی خدمات کی تعریف کی اور تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شمولیت اعلان کیا چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پارٹی ورکز مسلم لیگ ق کا اثاثہ ہیں، مسلم لیگ ق اپنے کارکنان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو سیاسی عمل میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، مسلم لیگ ق آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔یاد رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملتان کے عہدیداروں نے بھی مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف ملتان کے عہدیدار شوکت علی قریشی اور ن لیگی سینئر رہنما ڈاکٹر متین احمد نے ملاقات کی تھی۔ جس میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملتان کے عہدیداروں نے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول بہت ضروری ہے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمت کے سفر کو تیزکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس، پٹرولنگ پوسٹیں، مفت ادویات، کسانوں کو ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی پر زرعی ٹیکس کی معافی، ٹیوب ویل کا آدھا بل ادا کرنا ہمارے کامیاب منصوبے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close