لاہور(پی این آئی)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے ہو سکتا ہے کہ آئندہ 9 ماہ میں حکومت نہ رہے۔فیصل آباد میں کارکنوں سےخطاب کرتےہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ملک کی ترقی کی سزا دی جا رہی ہے۔رانا ثنا کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کو ہم وجود میں لے کر آئے،اس کےبعد دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا تھا، پوری محنت کا سہرا شہباز شریف کے سر پر ہے۔انہوں نے نواز شریف کے وطن واپس آنے سے متعلق کہا کہ وہ کب آئیں گے اس کا فیصلہ
پارٹی مشاورت سے ہوگا، نواز شریف کسی ڈیل میں دلچسپی نہیں رکھتے اور نہ ایسا چاہتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پاس ہونے پر اگر کسی کا قصور ہے تو وہ دلاور خان گروپ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار تو ووٹ بھی پورے تھے ، لیکن حکومت نے غیر پارلیمانی روایت اپنا کر بل پاس کروایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان سے پوچھیں تو کہتے ہیں آئی ایم ایف قسط نہیں دے رہا تھا،قسط کی خاطر ملک کو گروی رکھ دیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک کو اب نہ قومی اسمبلی پوچھ سکتی ہے اور نہ کوئی ادارہ پوچھ سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں