پیپلزپارٹی لانگ مارچ عمران خان حکومت کےخاتمے کےلیے نہیں بلکہ۔۔۔۔کیوں کر رہی ہے؟ خورشید شاہ نے اصل وجہ بتا دی

عمرکوٹ (پی این آئی)پیپلزپارٹی کےمرکزی رہنما سید خورشید شاہ نےکہا ہےکہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ عمران خان حکومت کےخاتمے کےلیے نہیں بلکہ عوام کو بیدار اورلوگوں میں شعور پیدا کرنےکےلیےکررہی ہے،عمران خان نےصرف اور صرف انتقام کی سیاست کی اوراپنےسیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا ، سینٹ میں حکومتی بل کی منظوری حکومت کی جیت ہے نہ اپوزیشن کی ہار ، اس بل کے ذریعے ملک کو عوام کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دےدیا گیا ۔

سید خورشید شاہ نےمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معشیت کو تباہ کرکے رکھ دیا، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے،تحریک انصاف نے جھوٹ ،دھوکہ دہی اور لوگوں کو لالچ دے کر ووٹ لیے اور عوام کو جھوٹے دلاسے دیے، تحریک انصاف نے دعویٰ کیاتھا کہ وہ دو سو ارب ڈالر لیکر آئیں گے مگر ایسا کچھ نہ ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں سید خورشید شاہ نےکہا کہ پیپلزپارٹی 27 فروری سے لانگ مارچ کررہی ہے، پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عمران خان کی حکومت ہٹانے کےلیے نہیں بلکہ عوام میں شعور بیدارکرنے کےلیے ہے جسطرح شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو نے کیاتھا ،سیاسی جماعتوں کو ایشوز پر سیاست کرنی چاہیے۔ سید خورشید علی شاہ نے کھارڑو سید میں پیپلزپارٹی کے ایم پی اے سید امیر علی شاہ سے انکے والد سابق صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ کے انتقال پرتعزیت کی، اس موقع پر ڈاکٹر سید نور علی شاہ اور پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت بھی موجود تھی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں