لاہور(پی این آئی) محکمہ تعلیم پنجاب نے لاہور اور راولپنڈی کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے بڑا اعلان کردیا، چھٹی جماعت تک سکولوں میں طلباء کی 50 فیصد حاضری کی پابندی عائد کردی، 15 فروری تک کلاسز متبادل تین تین دن نصف حاضری کے ساتھ ہوا کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کے باعث لاہور کے بعداب راولپنڈی کے نجی وسرکاری سکولوں میں بھی اب ہفتے میں تین متبادل ایام میں کلاسز میں طلباء کی 50 فیصد حاضری کی پابندی عائد ہوگی۔
پچاس پچاس فیصد طلباء ہفتے میں تین تین روز متبادل دنوں میں کلاسز میں حاضر ہوسکیں گے۔ لاہور اور راولپنڈی میں پہلی سے چھٹی جماعت تک تمام اسکولوں میں 50 فیصد حاضری ہوگی، جبکہ ساتویں سے12ویں جماعت تک تعلیم پرانے شیڈول کے مطابق جاری رہے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔یاد رہے گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹرنے تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا،دوسری جانب پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی پانچویں لہر شدید تر ہوچکی ہے جہاں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 8 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آگئے جب کہ ساڑھے تین ماہ بعد ایک دن میں وباء سے 30 افراد انتقال کرگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 8 ہزار 183 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 ہوگئی ، اس دوران ساڑھے تین ماہ بعد ایک دن میں کورونا سے 30 افراد کا انتقال ہوا ، پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 192 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 68 ہزار 624 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 92 فیصد رہی ۔
ادھر گزشتہ روز این سی او سی کا ایک اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں تعلیمی شعبوں کے لیے پابندیاں فروری کے وسط تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ، 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں طلباء مختلف ایام میں اسکول آئیں گے ، 12 سال سے کم عمر والے بچوں کی حاضری نصف ہو گی ، 12 سال سے کم عمر طلباء 3 دن 50 فیصد باقی 3 دن 50 فیصد طلباء اسکول آئیں گے ، تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا ، 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں 12 سال سے زائد عمر طلباء کے سکول کھلے رہیں گے تاہم 12 سال سے زائد عمر کے مکمل ویکسی نیٹڈ طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہو گی ، اس لیے یکم فروری سے 12 سال سے زائد عمر کے طلباء کی ویکسی نیشن لازم ہوگی جب کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کا عمل بھی جاری رہے گا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں