دوسری شادی کی خواہش کرنے پر بیوی نے شوہر کو خوفناک انجام تک پہنچا دیا

راولپنڈی (پی این آئی) راولپنڈی میں دوسری شادی کی خواہش پر بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا۔ یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقے مصر یوٹ میں پیش آیا جہاں پر دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کرنے والے شخص کو بیوی نے گولی مار کر قتل کر دیا۔خاتون شوہر کو قتل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔سی پی او عمر سعید ملک نے نوٹس لے کر پولیس کو ملزمہ کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس نے ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور جائے وقوع سے اہم شواہد کو قبضے میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ روبینہ نے شوہر کو کمرے میں سوتے ہوئے قتل کیا۔ملزمہ نے بارہ بور پسٹل سے شوہر کی گردن پر فائر کیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق تھانہ صدر بیرونی نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دیا۔ابتدائی تحقیقات میں خاتون کے ہاتھوں شوہر کے قتل کی وجہ 50 سالہ شوہر کی جانب سے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کرنا تھا۔اس سے قبل شہرقائد کے علاقے گلستان جوہر میں سالے نے جھگڑے کے دوران بہنوئی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل پستول برآمد کرلیا۔گلستان جوہر بلاک 8 میں واقع مکان نمبرA70 کے اندر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ قتل کی واردات کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو گھر والوں نے ملزم کو پکڑ اہوا تھا۔

تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے آلہ قتل پستول اپنی تحویل میں لیا اور لاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔ ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ اسلم ولد پرویز کے نام سے ہوئی اور اسکا اپنے سالے فرحان سے جھگڑا ہوا تھا جس پر فرحان نے طیش میں آکر فائرنگ کردی جو بہنوئی کیلئے جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اور اس پر ان کے درمیان رنجشیں تھیں اور اسی سلسلے میں وہ لوگ گھر پر بات کررہے تھے کہ یہ واقعہ رونما ہوا۔ تاہم پولیس واقعے کی مزید چھان بین کررہی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close