متحدہ عرب امارات آنیوالے غیر ملکیوں کی اکثریت مسلمان ہو گئی

دبئی ( پی این آئی ) متحدہ عرب امارات میں سال 2021ء کے دوران 3,800 سے زائد رہائشیوں نے اسلام قبول کرلیا۔خلیج ٹائمز کے مطابق محمد بن راشد اسلامک کلچر سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال دبئی کے 3,800 رہائشیوں اور زائرین نے اسلام قبول کیا یہ 2020 کے مقابلے میں 17 فیصد کا اضافہ ہے ، نئے مسلمانوں کو فالو اپ اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی گئی ہیں ۔

مرکز کی خدمات میں مذہبی ، سماجی، ثقافتی، خاندانی اور طریقہ کار کے پہلو شامل ہیں۔سنٹر کے ڈائریکٹر ہند محمد لوٹہ نے کہا کہ نئے مسلمانوں نے اپنی مرضی سے عقیدہ قبول کیا ، دائرہ اسلام میں داخل ہونے والوں کو سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ، اسلام قبول کرننے کے بعد نئے مسلمانوں کے بچوں کے لیے بھی دستاویزات جاری کی گئیں ، ملک میں زکوٰۃ فنڈ کے تعاون سے مادی دیکھ بھال کے حصول کے لیے درخواستوں اور دبئی کی عدالتوں کے تعاون سے شادی کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا۔اس ضمن میں نیو مسلم ویلفیئر سیکشن کی سربراہ حنا الجلاف نے کہا کہ نئے مسلمانوں کی دیکھ بھال کرنا اور اسلام کی رواداری کو اجاگر کرنے کے لیے انہیں تعلیم دینا ان کے چند اہم ترین کام ہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسلام دُنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے ، اس کا آفاقی پیغام اور حق پر مبنی تعلیمات گلوبلائزیشن کے دور میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے ، یورپ اور امریکا میں بھی اسلاموفوبیا کے باوجود ہر سال ہزاروں غیر مسلم اسلام کے نور سے مالامال ہو رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں 50 لاکھ کے لگ بھگ غیر مسلم موجود ہیں ، جن میں اسلام کا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے ، اسلام کی شاندار تعلیمات کا اثر ہزاروں غیر مسلموں پر ہو چکا ہے ، اس کی ایک وجہ اماراتی حکومت کی جانب سے غیر مسلموں سے برابری کا سلوک اور مہمان نواز رویہ ہے ، جس ان افراد کو اسلام کی طرف راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close