راولپنڈی (پی این آئی) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیاحوں کو مری میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں مری داخلے کے لیے شرائط بیان کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مری میں سیاحوں کے داخلے کی مشروط اجازت 14 جنوری کو ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی روشنی میں دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 17 جنوری سے روزانہ صرف 8 ہزار گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق 17 جنوری سے صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک سیاح مری میں داخل ہو سکیں گے۔ تاہم شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ بدستور بند رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مری اور آزاد کشمیر کے رہائشیوں کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی نہیں ہوگی، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمے داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہوگی جبکہ ایکسین مکینیکل مشینری اور چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے جب کہ مری میں چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں