اسلام آباد(پی این آئی)قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی جاوید لطیف نے وزیراعظم کی موجودگی میں وزیر دفاع پرویز خٹک سے چھیڑ چھاڑ کی۔میاں جاوید لطیف نے ایوان میں نعرہ لگا دیا کہ قدم بڑھاؤ پر ویز خٹک ہم تمھارے ساتھ ہیں۔خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلوں کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی اس گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔ میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں کوئی ذاتی مفاد نہیں، میرے کارخارنے نہیں،میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو سخت جواب دیا اور کہا کہ سب کے سامنے آپ مجھے بلیک میل کررہے ہیں،میں بلیک میل نہیں ہوں گا، آپ مجھے بلیک میل نہیں کرسکتے، میں حکومت جائیداد بنانے کیلئے نہیں کر رہا، میں آپ کو روز روز بلا کر ووٹ مانگ رہا ہوں، میں ہر روز آئی ایم ایف سے کہہ رہا ہوں کہ ٹیکس کم کریں، میرے نہ تو کارخانے ہیں نہ میرا کوئی کاروبار نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر آپ کی یہی بلیک میلنگ رہی تو اپوزیشن کو دعوت دے دیں کہ وہ آ کر حکومت کر لیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں