سرگودہا(پی این آئی)پنجاب کا واحد روحانی گائوں اولہ اوتار جس کا ہر گھر حافظ قرآن ہے، گائوں کی 48مساجد کے امام ایک ہی مرکزی عیدگاہ میں نماز عیدپڑھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع قصور کے گائوں اولہ اوتار کے درسگاہ سلیمانیہ کے سربراہ قاری محمد عثمان نے بتایا کہ ہمارے گائوں میں ایک ہزار گھر ہیں جن کی آبادی دس ہزار کے قریب ہے، یہاں 48مساجد ہیں جن کے سب امام ایک ہی
مرکزی عیدگاہ میں اور ایک ہی امام کے پیچھے نماز عید پڑھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے گائوں کے ہر گھر میں ایک یا دو حافظ موجود ہیں، عورتیں گھروں میں بچیوں کو دینی تعلیم دیتی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یہاں کچھ لوگ ملازمت کیلئے باہر چلے گئے ہیں، ان کے گھروں میں ٹی وی ، موبائل وغیرہ آگئے ہیں ،ہم ہر گھر میں جاکر منت سماجت کرتے ہیں تاکہ یہاں برائی نہ آئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں