کراچی (پی این آئی) سندھ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھرتی کیے جانے والے منتخب اہلکاروں کو فوجی تربیت دلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کا آغاز کرتے ہوئے 1241 اہلکاروں کی فوج سے تین ماہ کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے پرنسپل شوکت کھٹیان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھرتی ہونے والے پولیس اہلکار ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں زیرِ تربیت ہیں۔
ان اہلکاروں کی ابتدائی تربیت کے بعد انہیں چوکس، فعال اور پیشہ ورانہ مہارت سے لیس کرنے کے لیے رواں ہفتے پاکستان آرمی کے پاس ٹرانسفر کیا گیا۔ شوکت کھٹیان نے میڈیا کو بتایا کہ 881 اہلکار پاک فوج کی پنوں عاقل چھاؤنی پہنچ چکے ہیں جبکہ 360 اہلکاروں کو پاکستان آرمی کی بدین چھاؤنی منتقل کر دیا گیا ہے۔ فوجی تربیت حاصل کرنے والے ان اہلکاروں میں سے زیادہ تر کا تعلق کراچی پولیس رینج سے ہے جبکہ دیگر سندھ ریزرو پولیس، ریپڈ رسپانس فورس اور صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔
پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے پرنسپل نے بتایا کہ صرف مرد پولیس اہلکاروں کو فوجی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ فوجی تربیت کے دوران اہلکاروں کو ہتھیار پکڑنے، ہر قسم کا اسلحہ چلانے اور مختلف کارروائیوں کے دوران کمانڈو ایکشن سے متعلق تربیت دی جائے گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں