نیویارک(پی این آئی) کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومی کرون‘ تیزی سے دنیامیں پھیل رہی ہے۔ بالغ لوگوں میں وائرس کی اس قسم کی علامات بھی کم و بیش گزشتہ اقسام جیسی ہی ہیں تاہم بچوں میں اس کی ایک نئی علامت بھی دیکھی جا رہی ہے۔ دی سن کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ اگرچہ شدید کھانسی کورونا وائرس کی ایک واضح علامات میں سے ایک ہے جو بچوں اور بڑوں سب میں ہوتی ہے تاہم امیکرون سے متاثرہ بچوں میں کھانسی کی ایک نئی قسم دیکھی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امیکرون کا شکار ہونے والے بالخصوص 5سال سے کم عمرکے بچوں میں ایسی کھانسی دیکھی جا رہی ہے جس کی آواز خناق کے مرض میں لاحق ہونے والی کھانسی سے مشابہہ ہے۔ اس کھانسی میں آواز کچھ کتے کے بھونکنے جیسی ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ خناق میں کھانسی کی بھونکنے جیسی آواز اس لیے ہوتی ہے کہ اس انفیکشن میں سانس کے راستے کا اوپری حصہ متاثر ہوتا ہے۔ امیکرون کے متاثرہ بچوں میں بھی اس لیے کھانسی کی یہ آواز دیکھی جا رہی ہے کیونکہ امیکرون وائرس بھی سانس کی نالی کے اوپری حصے میں ٹھہرتا اور اسے حصے کو پہلے متاثر کرتا ہے۔اس کے برعکس کورونا وائرس کی پہلے سامنے آنے والی اقسام پھیپھڑوں میں جا کر اپنی افزائش کرتی تھیں۔ ماہرین کے مطابق ایک یہ وجہ بھی ہے کہ اومیکرون نامی کورونا کی قسم پہلے والی اقسام کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے مگر ان کی نسبت کم خطرناک ہے۔
اومیکرون چونکہ نظام تنفس کے اوپری حصے میں ٹھہرتا ہے لہٰذا سانس اور کھانسی وغیرہ کے ساتھ زیادہ باہر نکلتا اور دیگر لوگوں کو منتقل ہوتا ہے۔ دوسری طرف باقی اقسام کی طرح پھیپھڑوں پر کم حملہ آور ہونے کی وجہ سے اس کی شدت دوسری اقسام کی نسبت کم ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ بچوں کو اس طرح کی کھانسی لاحق ہونے کی صورت میں ان کا فوری کورونا ٹیسٹ کرایا جانا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں