یہ عدالت کسی کو آرمڈ فورسز کو متنازعہ نہیں بنانے دے گی، نیوی گالف کورس تجاوزات قرار دینے کے حکم کے ساتھ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس

اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیوی گالف کورس کو فوری سی ڈی اے کے سپرد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیوی کو سیلنگ کلب گرانے کا نوٹس دیدیا جبکہ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہیں کہ کیا وزارت کا کام صرف درخت لگانا ہے ‘ وزارت نے خود تسلیم کیا کہ ریاست کی زمین پر نجی افراد نے تجاوزات قائم کیں ‘ یہ عدالت کیا کرے ، یہاں جو کچھ ہو رہا ہے وہ حیران کن ہے‘پاکستان نیوی نے تجاوزات کر کے گالف کورس بنایا جو اچھی بات نہیں‘اس 1400 اسکوائر میل میں لاقانونیت ہے،آرمڈ فورسز کو کسی طور متنازعہ نہیں ہونا چاہیے، یہ عوامی مفاد میں نہیں،قانون میں موجود ہے کہ آرمڈ فورسز کی زمینوں کی کیسے اور کون دیکھ بھال کرے گا ، یہ عدالت کسی کو آرمڈ فورسز کو متنازعہ نہیں بنانے دیگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کیسز پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ پاکستان نیوی نے تجاوزات کر کے گالف کورس بنایا جو اچھی بات نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کیسز کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری ماحولیات ملک امین اسلم کا کورونا مثبت آ گیا ہے، وہ پیش نہیں ہو سکے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا وزارت کا کام صرف درخت لگانا ہے ، وزارت نے کود تسلیم کیا کہ ریاست کی زمین پر نجی افراد نے تجاوزات قائم کیں ، یہ عدالت کیا کرے ، یہاں جو کچھ ہو رہا ہے وہ حیران کن ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سیکرٹری داخلہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس 1400 اسکوائر میل میں لاقانونیت ہے،آرمڈ فورسز کو کسی طور متنازعہ نہیں ہونا چاہیے، یہ عوامی مفاد میں نہیں،قانون میں موجود ہے کہ آرمڈ فورسز کی زمینوں کی کیسے اور کون دیکھ بھال کرے گا ، یہ عدالت کسی کو آرمڈ فورسز کو متنازعہ نہیں بنانے دیگی، نیشنل پارک ایریا محفوظ شدہ ایریا ہے جہاں کوئی گھاس بھی نہیں کاٹ سکتا،اس میں کوئی ایکٹویٹی نہیں ہو سکتی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جس زمین کا کوئی استعمال نہیں، وہ کہاں جائے گی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ یہ طے کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ ایگزیکٹو نے نہیں بلکہ قانون نے طے کرنا ہے،کوئی پراپرٹی کسی ادارے کے نام پر نہیں ہو سکتی، ہم نے سب سے پہلے خود کا احتساب کرنا ہے، لاقانونیت کی وجہ سے غریب غریب رہ گیا ہے، آپ نے خود تسلیم کیا کہ گالف کورس غیرقانونی ہے، گالف کورس کی زمین کو آج ہی سی ڈی اے کے حوالے کریں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے نیوی کو سیلنگ کلب گرانے کا نوٹس دے دیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی کچھ زمینوں کا دعویٰ کرتی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ 1960کے آرڈیننس کے بعد 14ہزارا سکوائر میل کے ایریا کی زمین سی ڈی اے کی ہے، عدالت اپنے فیصلے میں تمام چیزوں کی وضاحت کرے گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close