لاہور(پی این آئی) آئی جی موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ برف میں پھنسے لوگ اپنی گاڑی کا تھوڑا سا شیشہ کھلا رکھیں، کاربن مونوآکسائیڈ جلد موت کا سبب بن سکتی ہے، کاربن مونوآکسائیڈ بےبو ہوتی ہے پتہ لگانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے برفباری کے دوران شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔
آئی جی موٹروے نے اپنے پیغام میں گاڑی میں برف پھنس جانے اور انجن چلنے کی صورت میں گاڑی کا تھوڑا شیشہ کھولنے کی ہدایت کی ہے۔ انعام غنی نے کہا کہ کاربن مونوآکسائیڈ بےبو ہے، پتہ لگانا بہت مشکل ہوتا ہے، کاربن مونو آکسائیڈ جلد موت کا سبب بن سکتی ہے، گاڑی کے سائلنسر پائپ سے برف کو بھی صاف کرتے رہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو راولپنڈی ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے سانحہ مری سے متعلق پیش گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 3 روز میں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، بارہ ہزارگاڑیاں واپس آئیں باقی برف میں پھنس گئیں۔رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ محکمہ موسمیات نے غیرمعمولی برفباری کا نہیں بتایا، پانچ فٹ سے زائد برفباری کی اطلاع نہیں تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 6 جنوری کی رات سے ہی مری جانے والے راستے بند کردیے تھے،اخبارات میں اشتہارات بھی دئیے لیکن پھر بھی بڑی تعداد میں سیاح مری پہنچ گئے۔ برفباری سے خیبرپختونخوا کی سائیڈ کا زیادہ بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مری واقعے پر بہت غمزدہ ہوں، مری میں سڑکوں پر سیاحوں کی اموات پر بہت افسردہ ہوں، غیرمعمولی بارفباری اور موسمی صورتحال معلوم کیے بغیر عوام نے مری کا رخ کیا، اس صورتحال کیلئے ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی،موسم کی خراب صورتحال اور عوام کے رش کے باعث یہ صورتحال پیش آئی۔انہوں نے کہا کہ مری میں پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے جس کے باعث مری جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد جب برفباری کا نظارہ کرنے پہنچی، جہاں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری اور گلیات میں داخل ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ فیملیز گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مری میں شدید برف باری سے سڑکیں بند ہونے سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں اور 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ شدید برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں