سانحہ مری کے بعد کہاں کہاں سیاحوں کے داخلے پر پابندیاں لگا دی گئیں؟ گھرسے نکلنے سے پہلے جان لیں

مانسہرہ(پی این آئی) سانحہ مری کے بعد کاغان، ناران اور شوگران میں سیاحوں کی آمد پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقامات شوگران، ناران، کاغان ویلی میں ہر قسم کی ٹریفک اور سیاحوں کے داخلے پر شدید برفباری کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں مین سیاحوں کے داخلے پر شدید برفباری کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔

تاہم ریسکیو یا ایمرجنسی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کمشنر ہزارہ کو ہدایت کی ہے کہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں شدید برفباری کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار اور ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے اور مری سمیت گلیات کے آس پاس علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے ضروری کاروائیوں کا عمل تیز کیا جائے۔ہزارہ کے سیاحتی مقام گلیات میں شدید برفباری اور مری میں سیاحوں کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں ان علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گلیات، مری اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال پر ہمہ وقت کڑی نظر رکھی جائے،اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ کو خصوصی ہدایات کی کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے راولپنڈی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط قائم کئے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ان سیاحتی مقامات میں گاڑیوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے،اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close