لاہور (پی این آئی) معروف عالمِ دین علامہ ابتسام الہٰی ظہیر کی طبیعت انتہائی خراب ہوگئی، ان کے اہلِ خانہ نے ان کے چاہنے والوں اور پاکستان کے عوام سے ان کیلئے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔انتہائی ذمہ دار ذرائع نے ڈیلی پاکستان کو بتایا کہ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل ہیں ۔ وہ لاہور میں لارنس روڈ کی مسجد میں جمعہ پڑھاتے ہیں تاہم دو ہفتوں سے علالت کے باعث خطبہ جمعہ بھی نہیں دے سکے۔
پاکستان کے ٹاپ ڈاکٹرز سے ان کا علاج کرایا گیا ہے تاہم وہ صحت یاب نہیں ہوسکے اور اب ان کی حالت سخت تشویشناک ہے ۔علامہ ابتسام الہٰی ظہیر کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پرجادو کا شدید حملہ ہوا ہے جس کے باعث ان کی حالت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ یہ حملہ اتنا شدید ہے کہ متعدد علما اور عامل تاحال جادو کا توڑ نہیں کرپائے جس کی وجہ سے تشویش بڑھتی جا رہی ہے ۔ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ کافرانہ فعل کس نے سرانجام دیا ہے۔ ان کے اہل خانہ نے علامہ ابتسام کے چاہنے والوں، جماعتی کارکنوں اور پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔خیال رہے کہ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر معروف عالمِ دین علامہ احسان الہٰی ظہیر مرحوم کے صاحبزادے اور پاکستان کے جید علماء میں سے ایک ہیں۔
وہ نہ صرف مختلف ٹی وی شوز میں دینی مسائل بیان کرتے ہوئے نظر آتے ہیں بلکہ عوام میں دینی شعور کی بیداری کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال بھی کرتے ہیں۔ ان کی خطباتِ جمعہ کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دینی و سماجی موضوعات پر ایک بڑے اردو اخبار میں کالم بھی لکھتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں