پی ٹی آئی کا صرف ایک کپتان ہے، جہانگیر ترین کے بیان پر شاہ محمود قریشی کا ردِ عمل آگیا

ملتان(پی این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میرے پاس کوئی جہاز نہیں ہے، جس کا جہاز ہے، جس طرف بھی رخ کرے گا وہی جواب دے گا،ہ پی ٹی آئی کا ایک کپتان صرف عمران خان ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80 لاکھ افراد احساس کفالت پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

راشن پروگرام کے تحت مستحق افراد کو بنیادی اشیائے ضروریہ سستے داموں میں دستیاب ہوں گی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو صحت کارڈ دیے جارہے ہیں، شہری صحت کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک علاج کراسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 52 ہزار افراد کو قرض کی سہولت دی جارہی ہے اور ایسی جگہوں کو بہتر کیا جا رہا ہے جس سے عام آدمی مستفید ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کار پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین نے خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی میں شرکت کی۔

شادی کی تقریب کے دوران ایک صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ کیا جہانگیر ترین کا جہاز ن لیگ کی طرف جا سکتا ہے ؟ جس پر تحریک انصاف کے ناراض رہنما نے جواب دیا کہ جہاز تو کسی بھی جانب جاسکتا ہے ، خواجہ سعد رفیق میرے بھائی ہیں اور اکھٹے فیملی میں رہ چکے ہیں ،ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلتی رہیں گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close