لاہور (آئی این پی)عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ آفس کے دروازے عوام،طلبہ اور میڈیا کے لئے کھول دئیے گئے ہیں‘نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ ملازمتوں کو بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ تک لے جارہے ہیں‘باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں گے‘ پنجاب کے نوجوانوں کو ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں 2سال کی رعایت دی جائیگی‘ عوام کی بہتری کیلئے حکومت پوری طرح یکسو اور متحرک ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ ملازمتوں کو بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ تک لے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں گے، پنجاب کے نوجوانوں کو ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں 2سال کی رعایت دی جائے گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ پی ایم ایس کے امتحان میں بھی امیدوارو ں کو عمر میں 2سال کی رعایت دیں گے،
پنجاب کی تاریخ میں 740ارب روپے کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دینے کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہوا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لئے 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے، عوام کی بہتری کے لئے حکومت پوری طرح یکسو اور متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، کمیونیکیشن اور میڈیا سے متعلق جدید تکنیک، ابلاغی ماڈل اور ریسرچ سے آگاہی ضروری امر ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا مقصد میڈیا گریجوایٹس کو میڈیا اور کمیونیکیشن کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بالخصوص پنجاب کے نوجوانوں کی خداداد صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے، ڈی جی پی آر کی ٹریننگ عملی زندگی میں نوجوانوں کے لئے مفید ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب میں اطلاعاتی، صحافتی اور ثقافتی اقدار کی ترویج و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، ڈی جی پی آر سے تربیت یافتہ میڈیا گریجوایٹس صحافتی اور اخلاقی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے عملی زندگی میں قدم رکھیں گے۔
انکا کہنا ہے کہ چیف منسٹر انٹرن شپ اپنی نوعیت کا پاکستان کی تاریخ کا پہلا انٹرن شپ پراجیکٹ ہے، ڈی جی پی آرکا ادارہ حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں قابل قدر کردار ادا کررہا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ نوجوان میڈیا پرسنز کو فرائض کی انجام دہی میں معروضیت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، حقائق کو من وعن پیش کرنا میڈیا پرسن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کے دروازے عوام،طلبہ اور میڈیا کے لئے کھول دئیے گئے ہیں، ڈی جی پی آر کے زیر اہتمام انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے گریجوایٹس مبارکباد کے مستحق ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں