کراچی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی قائم کردہ سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے انکشافات کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ دونوں پارٹیوں کی غیر ملکی فنڈنگ کی سکروٹنی کی جائے۔ اس کے جواب میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نے کوئی فارن فنڈنگ نہیں لی اور اس بات کی تمام بینکوں نے گواہی دی ہے۔
پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما سینیٹر پلوشہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کے بارے میں تمام بینکوں نے لکھ کر دے دیا ہے کہ اس نے کوئی فارن فنڈنگ نہیں لی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سارے ملک نے خودساختہ صادق امین کا تماشا دیکھ لیا۔ پریس کانفرنس کے موقع پر سینیٹر پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ رنگے ہاتھ پکڑے جانے پر چور دھمال ڈالنا شروع ہوگیا ہے، بتایا جائے کہ باہر کے ڈونر کون تھے؟
کون سا انٹرنیشنل ایجنڈا ہے جس کی بنا پر سقوط کشمیر ہوا؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس چلانے والے اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔ رپورٹ کے صفحہ 88 پر لکھا ہے کہ ووٹن کرکٹ لمیٹڈ دبئی کے ذریعے پی ٹی آئی کو اکیس لاکھ ڈالر کی رقم بھجوائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت شدید دباؤ میں ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں