اسلام آباد (پی این آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ 23 مارچ کے لانگ مارچ میں نواز شریف موجود ہوں۔ انہوں ںے کہا کہ متوقع وزیراعظم شہباز شریف ہیں،برطانوی عدالتوں نے بھی شہباز شریف کوکلین چٹ دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف گیارہ ماہ جیل میں گزار چکے ہیں۔
حکومت ہر حربہ آزما چکی ہے لیکن ہم اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے جوحلف نامہ دیا تھا وہ نوازشریف کی صحت سے مشروط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شفاف اورمداخلت سے پاک انتخابات ہمارامطالبہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مریم نواز کا کردار بہت اہم ہے۔خرم دستگیر نے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ نواز شریف تو خود ایک منٹ بھی لندن میں رہنا نہیں چاہتے۔ لیکن ان کی صحت اور زندگی پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بات پر متفق ہے کہ نواز شریف تب ہی وطن واپس آئیں جب ان کی صحت کے معاملات حل ہو جائیں۔ اور جب ڈاکٹرز ان کو سفر کی اجازت دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جیل بھگتنے کو تیار ہیں جبکہ نیب ان کے خلاف کچھ بھی نہیں نکال سکا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے حکومتی اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطے ہیں۔ کوشش ہے کہ منی بجٹ کے نقصانات پر ہم ان کو قائل کر لیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق خبریں آج کل زیر گردش ہیں جس پر بحث بھی کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں