فارن فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی بڑی مشکل میں۔۔۔ اکائونٹس چھپانے اور غلط معلومات درج کروانے کا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے اکاؤنٹس چھپائے اور غلط معلومات جمع کرائیں۔سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اکاؤنٹ سٹیٹمنٹ میں شامل کیش رسیدیں، بینک سٹیٹمنٹ سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ پی ٹی آئی کو ایک ارب 64 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے۔

تحریک انصاف نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جب کہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔پی ٹی آئی کے 2008 اور 2009 کے دو بینک کھاتوں کو ظاہر نہیں کیاگیا جب کہ نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے اکاؤنٹس تک رسائی نہیں دی ۔ پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 تک ایک ارب 33 کروڑ 22 لاکھ روپے کے فنڈز ظاہر کیے اور الیکشن کمیشن میں 12 بینک اکاؤنٹس ظاہر کیے۔رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے 53 پارٹی بنک اکاؤنٹس چھپائے جب کہ اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا کہ ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی کے 65 بنک اکاؤنٹس ہیں۔پانچ سال میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرمز نے آڈٹ رپورٹس کا ایک ہی ٹیکسٹ جاری کیا، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم نے اپنی آڈٹ رپورٹ میں کوئی تاریخ درج نہیں کی، تاریخ کا درج نہ ہونا اکاؤنٹنگ معیار کے خلاف ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں