رمضان المبارک کی آمد میں کتنا وقت باقی رہ گیا؟ پہلا روزہ کب ہو گا؟ ممکنہ تاریخ بتادی گئی

لاہور(پی این آئی) ماہ جمادی الاوّل کا اختتام، رمضان المبارک کی آمد میں کم وقت باقی رہ گیا، ماہ مقدس کے آغاز میں 3 ماہ سے کم وقت باقی، ملک میں یکم رمضان 2 اپریل کو ہونے کا امکان ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ماہ جمادی الاوّل کا اختتام ہو گیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں زونل کمیٹیوں کے ارکان سمیت مرکزی کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ چاند کی شہادتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے۔ چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک بھر میں مطلع ابر آلود رہا اور کسی بھی علاقے میں چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔جس کے بعد متفقہ طور فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں یکم جمادی الثانی1443 ہجری 5 جنوری بروز بدھ کو ہو گی۔ماہ جمادی الاوّل کے اختتام کے بعد دنیا بھرمیں ماہ مبارک کے آغاز میں 3 ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند یکم اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے، اس لیے پاکستان میں بھی یکم رمضان 2 اپریل کو ہونے کا امکان ہے، تاہم ماہ مبارک کے آغاز کی تاریخ کا حتمی فیصلہ چاند کی رویت کے بعد کیا جائے گا۔ گلف نیوز کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ عریبیہ ویدر کی ایک رپورٹ میں آئندہ رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے پیشن گوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ماہ مبارک کا چاند یکم اپریل 2022 بروز جمعہ کو نظر آئے گا۔

یوں رمضان المبارک کا آغاز 2 اپریل 2020 سے ہو گا۔ عریبیہ ویدر کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں رمضان المبارک 1443 ہجری کے چاند کی پیدائش یکم اپریل کی صبح 3 بج کر 24 منٹ پر ہو گی، یوں اسی روز مغرب کے وقت چاند کی عمر 15 گھنٹے سے زائد ہو چکی ہو گی، اسی باعث یکم اپریل کو ماہ مبارک کا چاند باآسانی نظر آ جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں