لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ق نے پنجاب کے بلدیاتی الیکشن پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اپنے صاحبزادے اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل چودھری مونس الٰہی کےہمراہ وزیر اعلیٰ آفس پہنچے اور ملک کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر گفتگو کی ۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ دونوں جماعتوں کی جانب سے ملکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا گیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے، اہم امور پر آپ سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے،تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں جوپائیدارکا م کیے ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، مختصرمدت میں عوام کو ریلیف دیا ہے اوران کیلئے آسانیاں پیدا کیں ، اپوزیشن کے پاس نہ کوئی بیانیہ ہے اورنہ کوئی حکمت عملی۔
عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ خلوص نیت کے ساتھ اتحاد کو آگے بڑھا رہے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں مشترکہ امیدوار سامنے لانے کیلئے بات چیت کاسلسلہ جاری رہے گا۔ ملاقات میں وزیراعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری عامر جان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں