اسلام آباد ( پی این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے اعلان کردہ حکومت مخالف لانگ مارچ ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کا امکان ہے ، کیوں کہ صوبے میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو ہوں گے جب کہ پی ڈی ایم کی طرف سے 23 مارچ کو لانگ مارچ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے لانگ مارچ کی تحریک متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
جس کے پیش نظر لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل ہوسکتی ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو 23 مارچ کو لاہورائیرپورٹ اترنے کا مشورہ دے دیا، لانگ مارچ کے شرکاء نوازشریف کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ جائیں گے، حکومت مخالف لانگ مارچ کی قیادت نوازشریف کریں گے۔ذرائع لاہور نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے پارٹی قائد، سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی کیلئے مناسب تاریخوں اور ایئرپورٹ پر اترنے سے متعلق مشاورت شروع کردی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ن لیگی قیادت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 23 مارچ کو لاہور ایئرپورٹ پر اترنے پر غور کریں۔ اگر نوازشریف لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے تو حکومت مخالف لانگ مارچ کے شرکاء نوازشریف کا استقبال کرنے ائیرپورٹ پر بھی جائیں گے، اسی طرح پھر نوازشریف کی قیادت میں لانگ مارچ کا کارواں اسلام آباد کی جانب چل پڑے گا تاہم نوازشریف کی مشاورت کے ساتھ حتمی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں