اسلام آباد (پی این آئی)پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کے حصول کے لیے نادرا میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا نادرا میں اندراج ہونا ضروری ہے اور نادرا میںرجسٹر ہوئے بغیر صحت کارڈ نہیں ملے گا جبکہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا تیزی سے جاری ہے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ فراہم کرنا
ہماری ترجیح ہے اور صحت کارڈ کے لیے نادرا کے دفاتر سے رابطہ کیا جائے جبکہ جن افراد کے بچے ہیں وہ اپنے بچوں کا ضرور فارم ب بنوائیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صحت کارڈ سہولت کے لیے ہم نے ایپ بنائی ہے اور اس ایپ کے ذریعے لوگوں کو تمام معلومات مل سکیں گی اور اگر کسی فرد کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو وہ لازمی بنوالیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ ہر بندے کو نہیں بلکہ گھر کے سربراہ کو ملے گا اور ہر ضلع میں صحت کارڈ کی سہولت کا ایک ڈیسک بنایا گیا ہے۔
صحت کارڈ امیر و غریب ہر شخص کے لیے ضروری ہے۔ صحت کارڈ پوری فیملی کے لیے ہو گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت کارڈ اس کو ملے گا جس کے پاس شناختی کارڈ ہو گا جبکہ محکمہ صحت رواں سال 25 ہزار ملازمتوں کا اعلان کر رہا ہے۔ گزشتہ سال پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں