بلال یاسین کا قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا

لاہور( پی این آئی) قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین نے کہا ہے کہ معمول کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے حلقے کا دورہ کر رہا تھا کہ اچانک دولوگ آئے ، مجھے نہیں پتا تھا کہ وہ مجھے مارنے آئے ہیں۔اپنے ویڈیو بیان میں بلال یاسین نے کہا کہ میں ہر جمعے کو نماز کی ادائیگی کے بعد اپنے حلقے کا دورہ کرتا ہوں اور ایسے ہی گھوم پھر کر دورہ کر رہا تھا کہ دو لوگ آئے اور مجھ پر فائرنگ کر دی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی بلال یاسین کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیریت دریافت کی او ران کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ بلال یاسین نے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو اپنے اوپر ہونے والے حملے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یقین دہانی کرائی کے واقعہ کے ملزمان کو ہر صورت گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پرقاتلانہ حملہ کے خلاف مذمی قراردد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن مرزا جاوید کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ دہشتگردی ہے ، مطالبہ ہے کہ بلال یاسین پر حملہ کرنے والوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔پارٹی کارکنان اور عوام بلال یاسین کی جلد صحتیابی کے لئے دعائیں کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں