ن لیگی رہنما پر قاتلانہ حملہ، تشویشناک خبر آگئی

لاہور(پی این آئی)لاہور میں ن لیگی رہنما اور سابق صوبائی وزیر بلال یاسین پر فائرنگ کی گئی ہے جس سے وہ زخمی ہوگئے ہیں۔ بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بلال یاسین پر موٹرسائیکل سوار دو مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ایم پی اے بلال یاسین اپنے حلقے موہنی روڈ پر لیگی کارکن میاں اکرام کامی سے ملنے ان کے گھر سلامت محلہ پہنچے تھے۔

وہ گلی کے باہر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو افراد نے آتے ہی ان پر فائرنگ کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ایم پی اے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب کا سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بلال یاسین پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ جمعے کی رات کو جاری ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلال یاسین پر فائرنگ دہشت گردی ہے، مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔انہوں نے پارٹی کارکنان اور قوم سے بلال یاسین کی زندگی اور صحت کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔

مریم نواز شریف نے بھی بلاس یاسین پر حملے کی مذمت کی ہے۔ مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ۔ پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللّہ نے بچا لیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرہ سے باہر ہے۔اللّہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے۔ سب سے دعا کی درخواست ہے۔

close