پاکستان کو بھارتی رافیل طیاروں کا توڑ مل گیا، 23مارچ کو کونسا خطرناک ترین طیارہ فلائی پاسٹ کرے گا؟ پوری قوم کو خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ 23 مارچ کو پاکستان کا جے 10 فلائی پاسٹ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چینی ساختہ جے 10 جنگی طیاروں کے حصول کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔  وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ رافیل کا توڑ پاکستانی جے 10 سے ہوگا، 23 مارچ کو پاکستان کا جے 10 فلائی پاسٹ کرے گا۔

واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اپنے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے چین سے جدید جنگی طیارے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ سال چین کا جدید جنگی طیارہ “جے 10 سی” پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کر لیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ “جے 10 سی” جدید جنگی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔یہ سنگل انجن، ڈیلٹا ونگز کا حامل جدید لڑاکا طیارہ ہے جو بیک وقت کئی اہداف کی نشاندہی کرنے والی ٹیکنالوجی اور 200 کلومیٹر تک اہداف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں سے لیس ہے۔رواں سال جولائی میں ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پاکستان اپنی فضائی دفاعی صلاحیت میں اضافے کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان اپنے برادر دوست ملک چین سے جدید جے 10 سی جنگی طیارے حاصل کرے گا۔

جولائی میں سامنے آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے چین سے کل 36 جے 10 سی جنگی طیارے حاصل کیے جائیں گے۔دونوں ممالک کے حکام طیاروں کی فراہم کے حوالے سے گزشتہ سال سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ حالیہ فضائی مشقوں کے دوران پاکستانی پائلٹس جے 10 سی آپریٹ کرنے کا تجربہ بھی حاصل کر چکے۔ پاکستان اور چین کی شاہین 9 نامی فضائی مشقوں میں چینی فضائیہ کے دستے نے خصوصی شرکت کی تھی، چین کے جدید جے 10 سی اور جے 11 بی جنگی طیاروں نے ان مشقوں میں شرکت کی تھی، جبکہ پاکستانی پائلٹس نے ان دونوں چینی جنگی طیاروں کو آپریٹ کرنے کا تجربہ حاصل کر لیا تھا۔دفاعی ماہرین کے مطابق چینی جے 10 سی جنگی طیارہ بھارت کی جانب سے حاصل کردہ رافیل کی ٹکر کا جنگی طیارہ ہے، اس طیارے کے حصول کے بعد پاک فضائیہ کی بھارتی فضائیہ پر برتری مزید واضح ہو جائے گی۔

یہاں واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان کی جانب سے دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ جنگی طیاروں کی خریداری کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک غیر ملکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین ایک نیا دفاعی معاہدہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔اس حوالے سے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کی جانب سے چین کا تیار کردہ جدید ترین جے 10 سی اسٹیلتھ جنگی طیارے خریدے جا سکتے ہیں۔ ان طیاروں کیساتھ پاکستان فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے تباہ کن میزائل بھی خریدے جا سکتے ہیں۔ غیر ملکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اگر یہ دفاعی معاہدہ ہو گیا تو اس صورت میں بھارت کو رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کی وجہ سے حاصل ہونے والا ایڈوانٹج ختم ہو جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ جے 10 سی چوتھی جنریشن کے اسٹیلتھ طیارے ہیں جو چین کی جانب سے تیار کردہ جدید ترین جنگی طیارہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close