نادرا کا شانداراقدام، عوام کو ایک اور بڑی سہولت دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) حکام کا نادرا سنٹرز میں صارفین کو نئی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ۔ نادرا نے اپنے مراکز پر کریڈٹ کارڈ اور ‏ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کے لیے پوائنٹ آف سیلز ٹرمینل لگانے کی ذمہ داری ‏حبیب بینک کو سونپ دی۔ تفصیلات کے مطابق حکام نے نادرا سینٹرز میں عوام کو جدید سہولت کی فراہمی کے لیے پراجیکٹ حبیب بینک کو سونپ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نادرا نے اپنے مراکز پر کریڈٹ کارڈ اور ‏ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کے لیے پوائنٹ آف سیلز ٹرمینل لگانے کی ذمہ داری ‏حبیب بینک کو سونپ دی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ نادرا سنٹرز پر پی او ایس ‏ٹرمینلز کی تنصیب سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگی کا عمل ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرمینلز کی تنصیب سے ان مراکز کی کارکردگی ‏میں بہتری بھی آئے گی جبکہ شہریوں کو انتہائی با سہولت اور درست خدمات کی فراہمی ممکن ہو گی۔ دوسری جانب نادرا کے ڈائریکٹر جنرل نوید جان صاحبزادہ نے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں خواتین کی رجسٹریشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں خواتین کی شرح 52 فیصد جبکہ مردوں کی شرح 48 فیصد ہے مگر اِس کے برعکس خواتین کی رجسٹریشن کی شرح 45 فیصد جبکہ مردوں کی رجسٹریشن 55فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تفاوت کی وجہ سے معاشرے کی متوازی ترقی کی راہ میں روکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے خواتین حکومت کی طرف سے مہیا کی جانے والی بہت سی سہولتوں سے بھی محروم ہیں اس لئے خاص طور پر خواتین کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنا کے اٴْن کو قومی معاشی ترقی کے دھارے کا متحرک اور فعال حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی رجسٹریشن کیلئے نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین بھی مختص کر دی ہے جوشہری علاقوں کے علاوہ دور دراز کے پسماندہ علاقوں میں جا کے خواتین کو شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت مہیا کرے گی۔ انہوں نے صدر عاطف منیر شیخ کی درخواست پر فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں نادرا کی طرف سے ای سہولت سنٹر اور نادرا کاخصوصی رجسٹریشن سنٹر قائم کرنے کا بھی یقین دلایا اور بتایا کہ اس کے ذریعے بائیو میٹرک سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں سے متعلقہ 16-17سہولتیں فوری طور پر حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے نادرا سے متعلق بزنس کمیونٹی کے مسائل کو فوری کرانے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ اس سلسلہ میں نادرا کے زونل ہیڈ سرفراز احمد اٴْن سے براہ راست رابطہ میں رہیں گے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے خواتین کو معاشی ترقی کا اہم ترین حصہ قرار دیا اور کہا کہ ملک کی 52فیصد آبادی کو ترقی کے دھارے سے الگ تھلگ رکھ کے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا یہی وجہ ہے کہ حکومت خواتین کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بھی خصوصی مراعات دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٴْن کی کوشش ہوگی کہ آئندہ ایک سال کے دوران فیصل آباد کی سو فیصد خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں تسلسل کے ساتھ آگاہی سیشن منعقد کئے جائیں گے۔ اس تقریب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون باصل اکرم، پنجاب اسمبلی کی رکن محترمہ فردوس رائے اور معروف سوشل ورکر محترمہ امینہ زمان نے بھی شرکت کی۔ آخر میں صدر عاطف منیر شیخ نے آگاہی سیشن کے بہترین انتظامات کرنے پر زونل ہیڈ سرفراز احمد کی کوششوں کو سراہا اور نادرا کے ڈائریکٹر جنرل نوید جان صاحبزادہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close