نور مقدم کیس، بہن نے نور کی سالگرہ پرایسا خط لکھ دیا کہ پڑھ کر ہر کوئی جذباتی ہو گیا

اسلام آباد(پی این آئی) کچھ عرصہ قبل اسلام آباد میں 27سالہ نور مقدم کو سفاکانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا تھا۔ آج نور مقدم کی سالگرہ کا دن ہے، جو ا س سال نور کی فیملی اور دوستوں کے لیے خوشی کی بجائے انتہائی تکلیف کا سامان بن کر آیا ہے اور ماضی کے برعکس اس کے جنم دن کی خوشی منانے کی بجائے اس کی ناگہانی موت پر سوگ منا رہے ہیں۔

نورمقدم کی سالگرہ پر اس کی چھوٹی بہن سارہ نے اپنی مقتول بہن کے نام ایک خط لکھ کر آن لائن پوسٹ کیا ہے جسے پڑھ کر لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق اس خط میں سارہ لکھتی ہے کہ ”سالگرہ مبارک، نورا بابا! میں کئی بار یہ خط لکھنے بیٹھی مگر ناکام رہی۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں تمہاری 28ویں سالگرہ تمہیں سامنے کھڑے ہو کر مبارکباد نہیں دے سکوں گی اور مجھے اس طرح یہ خط لکھنا پڑے گا۔ کاش میں اس سال بھی آدھی رات کو تمہیں سالگرہ کی مبارکباد دے سکتی۔ کاش میں تمہیں گلے لگا پاتی اور تمہیں بتا سکتی کہ میں تم سے بہت زیادہ پیار کرتی ہوں۔

“سارہ مزید لکھتی ہے کہ ”مجھے یقین نہیں ہوتا کہ میں نے جنوری 2020ءکے بعد سے تمہیں دیکھا نہیں ہے ۔ میں ہر روز دعا کرتی ہوں کہ تم جان سکوں کہ ہمیں تم پر کتنا فخر ہے۔ تم دنیا کو بدلنا چاہتی تھیں۔ کاش تم دیکھ سکوں کہ کتنے لوگ ہر روز تم سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اگر مجھے ایک بار تمہارے ساتھ بات کرنے اور آخری بار تمہارے ساتھ مل کر ہنسنے کا موقع ملے تو میں اس کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہوں۔نور! ہم بہت تکلیف میں ہیں۔ میری آنکھیں ہر جگہ تمہیں ڈھونڈتی ہیں۔ مجھے اب تک یقین نہیں آتا کہ تم چلی گئی ہو۔ ہماری فیملی کا کوئی فرد کیسے اس طرح اچانک غائب ہو سکتا ہے؟ میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں تمہاری طرح ایک معنی خیز زندگی گزاروں گی۔ میں خوش قسمت تھی کہ مجھے تم جیسی بہن ملی۔تم ہمیشہ میری بے بی سسٹر ، میرا نورا بابا، میری بہترین دوست رہو گی۔ آئی لو یو نورا۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close