پنجاب میں ن لیگ کو بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا، پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی تگڑی وکٹ گرادی

شیخوپورہ (پی این آئی) اپنے مضبوط ترین گڑھ لاہور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کو بڑا سیاسی دھچکا، لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے قریبی ساتھی، سینئر لیگی عہدیدار نے ن لیگ کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کودھچکا، سٹی صدر میاں منور اقبال نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔

پیر کے روز صوبائی وزیر برائے قدرتی آفات پنجاب میاں خالد محمود کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے سٹی صدر میاں منور اقبال نے پارٹی عہدے سے استعفی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میاں منور اقبال کا شمار لیگی ایم این اے اور پارٹی کے سئنیر نائب صدر میاں جاوید لطیف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، وہ ن لیگ کے متحرک رہنماوں میں سے تصور کیے جاتے تھے۔پیر کے روز تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق لیگی رہنما میاں منور اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کو قیمتی سرمایہ سمجھنے والے سیاستدان ہی کامیاب ہوتے ہیں اور صوبائی وزیر میاں خالد محمود میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک سیاسی لیڈر میں ہونی چاہیے، وہ میاں خالد محمود کی شخصیت سے متاثر ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر رہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے میاں منور اقبال کو پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے ضلع میں پارٹی کی مضبوطی قرار دیا۔ یہاں واضح رہے کہ لاہور ڈویژن کا حصہ ضلع شیخوپورہ مسلم لیگ ن کا مضبوط ترین گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اسی لیے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے سینئر لیگی رہنما کی پارٹی سے علیحدگی کو ن لیگ کیلئے بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں