لاڑکانہ (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو اقتدار ملنے کا وقت جلد آنے والا ہے،پاکستانی عوام کا نصیب نہیں کہ ہم ہمیشہ غریب ملک رہیں،جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی،بلاول بھٹو سب غریبوں کی تقدیر بدلے گا۔
انہوں نے گڑھی خدابخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقعہ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھٹو شہید سے لے کر میری حکومت تک عوام کی خدمت کی ہے، دعا ہے کہ اللہ ہمیں پاکستانی عوام کی خدمت کرتے ہوئے اٹھائے۔پاکستانی عوام کا نصیب نہیں کہ ہم ہمیشہ غریب ملک رہیں، ہم امیر ملک ہیں، مگرمعافی ہے ان کے دماغ کی، جن کو عقل نہیں ہے، پاکستانی عوام غریبوں کے نصیب کو بدل سکتی ہے، آپ لوگوں کوکام کرنے کیلئے باہر بھیج سکتے ہیں، برآمدات بڑھا سکتے ہیں، مگر یہاں وقت اور سوچ کی کمی رہتی ہے، جو کہا جاتا ہے وہ بھی سمجھنے اور کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔
جس طرح بلاول نے کہا کہ وہ وقت آنے والا ہے، جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی، بلاول بھٹو سب غریبوں کی تقدیر بدلے گا۔مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میں اپنے کارکنان میں کھڑا ہوں، ورکروں کے ساتھ کیے سارے وعدے پورے کریں گے۔اس سے قبل گڑھی خدابخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقعہ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاکہ 14سال گزر چکے ہیں ہم آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے ہیں، شہید بی بی کو پاکستان کے یاد کرتے ہیں، شہید بی بی آج آپ کا پیارا پاکستان مشکل میں ہے، پاکستان میں جمہوریت نام کا ہی رہ گیا ہے، بولنے ، جینے، سانس لینے کی آزادی نہیں ہے، پاکستان معاشی طور پر بھی نقصان میں ہے، عوام لاوارث ہوچکے ہیں، ہم نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم نے جمہوریت کو بحال بھی کیا ، شہید محترمہ بے نظیر کی جمہوریت ، وفاقی نظام کی بحالی کیلئے ہم نے 18ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمان کو سارے اختیارات دیے۔
کبھی آراو اور کبھی آر ٹی ایس کا الیکشن ہوا، جمہوریت پر حملے ہوتے رہے، عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا، آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں، نااہل اور نالائق وزیراعظم کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، ہم نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، شہید بی بی دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکاری تھی، ہم نے ان دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی، ہم نے پاکستان جھنڈا سوات اور وزیرستان میں لہرایا تھا، آج ہمارے شہداء کے خون، اے پی ایس کے شہید بچوں، سپاہیوں، سکیورٹی افسران کے خون پر سودا کیا جارہا ہے۔دہشتگردوں کے سامنے صدر اوروزیراعظم جھک چکے ہیں اورڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں لیکن اان دہشتگردوں کو جواب دے دیا ہے۔آج بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ان انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کھڑے ہیں۔ صوبوں کو مالی طور پر خودمختار بنایا، این ایف سی ایوارڈ، 18ویں ترمیم کی وجہ سے بلوچستان میں گوادر پورٹ بن رہا ہے، ہر صوبے میں مفت علاج کیلئے ہسپتال کھول رہے ہیں۔
ہاں اگر پنجاب کے کسی شہر میں میٹروبس بن چکا ہے تو وہ بھی 18ترمیم کی وجہ سے بنے ہیں۔ موجودہ حکومت صوبوں سے حقوق چھیننا چاہتے ہیں، صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ مارنے چاہتے ہیں، یہی تو وجہ ہے کہ اگر صوبوں کو وسائل نہیں دیے جائیں گے تو وہاں کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔عمران خان کی حکومت جمہوریت ، صوبائی خودمختاری اور عوام کی آزادی پر یقین نہیں رکھتی۔چھپ چھپ کر ڈیل کی سیاست کرنے والوں کا شہیدوں کا قبرستان نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی غیرجمہوری روایات اور غیرجمہوری سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں ہے، ہماری ڈیل شہداء کی قبروں سے ہے۔ہم شہر شہر جاکر محنت کریں گے، 5 جنوری کو سی ای سی لاہور میں بیٹھیں گے، حکومت کا کہانی اس شہر سے شروع ہوگی جہاں سے پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، اب دیواروں پر لکھا جاچکا ہے کہ کٹھ پتلی کو جانا ہوگا، سینیٹ ، ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں کٹھ پتلی کو شکست ہوئی، اگلا الیکشن اور وزیراعظم وزرائے اعلیٰ پیپلزپارٹی کے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں