پرویزخٹک کو دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کی تیاریاں، سینئر تجزیہ کار نے بڑا دعویٰ کر دیا

لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنائے جانے کا امکان۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب محمود خان کو ہٹا کر پرویز خٹک کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیئر تجزیہ کار نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار عمران یعقوب خان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب محمود خان کو ہٹا کر پرویز خٹک کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اپنی گفتگو میں سینیئر تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ ان کے واقفانِ حال کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے کے پی بلدیاتی انتخابات میں شکست پر کہا ہے کہ کسی صورت بھی چپ نہیں رہا جائے گا۔عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی کے ساتھ وزیر اعظم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو ان کے عہدے سے فارغ کر کے ان کی جگہ سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ عمران یعقوب کا کہنا تھا کہ کے پی بلدیاتی انتخابات میں جن وزراء نے اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹیں دلوائیں اور اختلافات کا باعث بنے، اور پھر سیٹ جیتنے میں بھی ناکام رہے ان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان وزراء کو وزارتوں سے ہٹائے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نئے چہروں کو آگے لانے کا فیصلہ کیا ہے، نئے چہرے وہ چہرے ہیں جن کو تحریک انصاف کے چہرے کہا جاتا ہے جو پارٹی کے ساتھ وفادار ہیں اور پارٹی کے نظریات کو آگے لے کر چلنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس طرح سے نئی بساط بچھانے جا رہے ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ قوی امکان ہے کہ ان فیصلوں پر آئندہ ماہ جنوری کے وسط تک عملدرآمد ہو جائے گا۔

close