اسلام آباد (پی این آئی) نواز شریف کی تا حیات نا اہلی ختم ہوسکتی ہے، اعتزاز احسن کا دعویٰ۔ نوازشریف مجرم ہوتے ہوئے بیرون ملک چلے گئے، وہ بہت اچھے طریقے سے محفوظ مقام پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق معروف قانون دان و رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز کی تاحیات نا اہلی ختم ہو سکتی ہے۔اعتزاز احسن نے نواز شریف کی تا حیات نااہلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس عدالتی فیصلے کے حق میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف تاحیات نا اہل ہوئے ہیں، میں اس قانون کے خلاف ہوں۔ دوسری جانب آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار کر لی گئی ہے۔ درخواست سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تیار کی ہے جو جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔اس سے قبل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے کہا کہ کسی بھی شخص کو تاحیات نااہل نہیں قرار دیا جاسکتا، اس حوالے سے سپریم کورٹ بار کے تمام عہدیداروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور آئندہ ہفتے تاحیات نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس 2021 کے خلاف سپریم کورٹ بار نے پٹیشن تیار کرلی ہے جو جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کسی آڈیو اور وڈیو کی سیاست میں نہیں پڑے گی۔قبل ازیں بھی احسن بھون نے کہا تھا کہ تاحیات نااہلی کا قانون بھی جلد چیلنج کیا جائے گا۔ احسن بھون نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ازخود نوٹس میں اپیل کے معاملے پر دوبارہ غور کریں گے۔ اللہ کے پاس بھی توبہ کا دروازہ ہے۔خدائی اختیار تو کسی انسان کے پاس نہیں۔
پارلیمنٹ سپریم ہے اس پر سوال نہیں اٹھانا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کو اپنے ووٹرز پر اعتماد کرنا چاہئیے پھر نظام بھی تبدیل کر سکیں گے۔ پارلیمنٹ نے ترمیم کے ذریعے ہر آنے والے آرمی چیف کے لیے دروازہ کھول دیا ہے۔فوج بھی ہمارا ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری عمر کی نااہلیت قانون کے برخلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ججز سینیارٹی کا معاملہ بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں